جمعہ , 19 اپریل 2024

امت واحدہ پاکستان کا دورہ ایران عراق مکمل,40رکنی وفد پاکستان واپس پہنچ گیا

اسلام آباد:امت واحدہ پاکستان کا وفد ایران اور عراق میں 4ہفتوں پہ مبنی فکری نظریاتی اور زیارتی دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان پہنچ گیا۔40رکنی وفد میں پاکستان بھر سے جید اہلسنت علمائے کرام،سادات عظام اور محققین شامل تھے۔

وفد نے ایران اور عراق میں مقدس مقامات بالخصوص امام علیؑ،حضرت امام حسینؑ ،امام علی رضاؑ ،امام موسیٰ کاظم ،امام محمد تقیؑ،امام علی نقی کے روضہ مبارک پر حاضری دی۔حضرت عبد القادر جیلانی(رح )،امام اعظم ابو حنیفہ(ر ح )جنید بغدادی،معروف کرخی اور فرید الدین عطار کے مزار اقدس پہ بھی حاضری دی۔

مزید براں وفد نے ایران اور عراق میں اہلسنت مدارس و مساجد کا بھی دورہ کیا۔قم المقدس اور نجف اشرف میں مراجع عظام سے ملاقات کا بھی شرف حاصل کیا۔ اختتامی نشست میں امت واحدہ پاکستان کے سربراہ حجة السلام والمسلمین علامہ محمد امین شہیدی کا کہنا تھا کہ علمائے کرام و سادات کرام کا سفرِ عشق زائرین عظام کی فکری و نظریاتی تربیت کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام شیعہ سنی مسالک باہم متحد اور یکجا ہیں اور مودتِ اہل بیتِ رسول (ص)تمام مسالک کے مابین نقطہ اشتراک ہے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ علمائے کرام کا یہ زیارتی دورہ اتحادِ امت کیلئے عملی کاوش ثابت ہوگا۔

اس موقع پر علمائے اہسلنت کا کہنا تھا کہ ایران و عراق میں شیعہ سنی عوام متحد ہیں استعماری طاقتوں کو ان کے منصوبوں میں عملی طور پہ ناکام کیا ہے اہلسنت مساجد میں شیعہ نمازی اور اہل تشیع مساجد اور حرمین میں اہلسنت نوجوانوں کو نماز کی ادائیگی کرتے دیکھ کر رشک ہوا ۔ان شاء اللہ پاکستان میں بھی اتحاد و وحدت کی ایسی مثالیں قائم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

علمائے کرام کا مزید کہنا تھا کہ ایران میں اہلسنت کو مکمل مسلکی آزادی حاصل ہے اور مساجد بنانے کی بھی آزادی ہے ہم نے پاکستان میں جو غلط اور گمراہ کن پروپیگنڈہ سنا تھا جب ایران میں آکر دیکھا تو حقیقت کے برعکس ہے۔ ایران و عراق میں اہلسنت کو مکمل فکری و مذہبی آزادی حاصل ہے۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …