جمعہ , 19 اپریل 2024

شاہین کی تباہ کن بولنگ، لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 40 رنز سے شکست دے دی

لاہور: پاکستان سپر لیگ کے پندرہویں میچ میں لاہور قلندر نے فخر زمان کی شاندار بیٹنگ اور شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ کی بدولت پشاور زلمی کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 40 رنز سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کا پندرہواں میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا گیا، میچ کا ٹاس قلندرز کے حق میں آیا تو کپتان شاہین آفریدی نے پہلے بیٹنگ کرنے کا اعلان کیا۔

پشاور زلمی اننگز
پشاور زلمی نے 242 رنز ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو اُسے مایوس کن آغاز ملا، شاہین آفریدی نے پہلے اوور کی دوسری گیند پر محمد حارث کو کلین بولڈ کیا اور پھر 28 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔

پھر صائم ایوب اور ٹام کوہلر کیڈمور نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 91 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کیا تاہم 119 کے مجموعی اسکور پر ٹام کوہلر 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، پھر صائم ایوب بھی 51 رنز کی اننگز کھیل کر 127 پر پویلین لوٹے۔

نئے آنے والے کھلاڑی روومان 20، بھانوکا نے 24، وہاب ریاض صفر، شان مسعود 16، جیمز نیشم 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پشاور زلمی نے 242 رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے یوں لاہور قلندرز کو 40 رنز سے فتح ملی۔

پشاور زلمی کے ٹام کیڈ 55 اور صائم ایوب 51 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے پانچ، زمان خان نے 2 اور راشد خان، حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

لاہور قلندرز اننگز

قبل ازیں لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور مرزا بیگ نے کیا جو اچھا نہیں تھا کیونکہ وہاب ریاض نے مرزا بیگ کو 7 کے مجموعی اسکور پر پویلین کی راہ دکھائی۔ بعد ازاں عبداللہ شفیق اور فخر زمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا اور 100 رنز کی شراکت داری قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔

بارہویں اوور میں عبداللہ شفیق 75 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، یوں 127 کے مجموعی اسکور پر قلندرز کی دوسری وکٹ گری۔ پھر فخر زمان صرف چار رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل کرنے سے رہ گئے اور 96 کے اسکور پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔

پھر سیم بلنگ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 23 گیندوں پر 47 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔ پشاور زلمی کے وہاب ریاض دو جبکہ رومان پاول نے ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور قلندرز نے مقررہ بیس اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے اور زلمی کو جیت کیلیے 242 رنز کا ہدف دیا۔لاہور کی ٹیم نے میچ میں دو تبدیلیاں کیں، کامران غلام اور شائے پوپ کی جگہ سیم بلنگز اور عبداللہ شفیق کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی نے اب تک 5 میچز کھیلنے جن میں سے انہیں دو میں فتح اور تین میں شکست کا سامنا رہا جبکہ لاہور قلندرز اب تک لیگ کے چار میچز کھیل چکی ہے جس میں سے انہیں صرف ایک میں شکست کا سامنا رہا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

بنگلا دیشی حکمراں جماعت عوامی لیگ کی شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق

ڈھاکہ:بنگلا دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے …