جمعرات , 25 اپریل 2024

انسانی حقوق بے معنی!!!!

(تحریر: سید رضی عمادی)

آج 25 فروری 2023ء کو الخلیل شہر کی ابراہیمی مسجد میں ہونے والے قتل عام کی 29 ویں برسی ہے۔ 25 فروری 1994ء کی صبح ایک یہودی ڈاکٹر بارخ گولڈسٹین نے صیہونی حکومت کے متعدد آباد کاروں اور صیہونی فوجیوں کی ملی بھگت سے ایک وحشیانہ جرم کا ارتکاب کیا۔ اس مجرم ڈاکٹر اور اس کے ساتھیوں نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں جمعہ کے روز حضرت ابراہیم علیہ السلام کے روضہ مبارک میں صبح کی نماز کے دوران فلسطینی نمازیوں پر اندھا دھند فائرنگ کرکے ان میں سے 29 کو شہید اور 150 کو زخمی کر دیا۔ اس جرم کو 29 سال گزر چکے ہیں لیکن اس کا ایک بار پھر جائزہ لینے کی ضرورت ہے اور اسے آج کے صیہونی جرائم سے منطبق کرنا ضروری ہے۔

پہلا نکتہ یہ ہے کہ یہ جرم ایک انتہاء پسند صہیونی گولڈسٹین نے انجام دیا تھا، جسے مقبوضہ فلسطین کے صیہونی فوجی کیمپوں کے اندر اور مقبوضہ علاقوں سے باہر اپنی دہشت گردانہ کارروائیوں کو انجام دینے کی تربیت دی گئی تھی، گولڈسٹین عربوں کے تئیں نفرت اور نفرت کی وجہ سے مشہور تھا۔ آج صیہونی حکومت کے داخلی سلامتی کا وزیر، Itamar Ben Guer؛ دور حاضر کا باروچ گولڈسٹین ہے، فرق یہ ہے کہ گولڈسٹین کے برعکس یہ سرکاری عہدہ رکھتا ہے اور قانونی طور پر فلسطینیوں کے خلاف جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔ درحقیقت حالیہ برسوں اور دو مہینوں کے واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگرچہ گولڈسٹین مارا گیا ہے، لیکن صہیونی معاشرے میں انتہاء پسند صہیونی رویہ اور سوچ آج بھی زندہ ہے، جس کی ایک مثال اسرائیل کو داخلی سلامتی کا موجودہ وزیر ہے۔

دوسرا نکتہ یہ ہے کہ اسرائیلی کابینہ اور فوج کی حمایت کے بغیر صیہونی بستیوں میں فلسطینیوں کے خلاف جرائم کرنے کی صلاحیت بہت کم ہے۔ مسجد ابراہیمی کے قتل سے بھی یہ مسئلہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ قتل اسرائیلی فوج کے تعاون سے کیا گیا۔ گولڈسٹین کے جرم کے بعد؛ اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی نمازیوں کے لیے مزار کے دروازے بند کر دیئے تھے، تاکہ کوئی اس مسجد سے زندہ بچ نہ سکے۔ اس جرم کے بعد اور شہداء کی نماز جنازہ کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے بربریت کی انتہاء کرتے ہوئے فلسطینیوں پر گولیاں برسائیں، جس سے شہداء کی مجموعی تعداد 50 ہوگئی۔ آج بھی صیہونی آباد کار اسرائیلی کابینہ اور فوج کی مکمل حمایت کے تحت فلسطینیوں کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرتے ہیں۔

تیسرا نکتہ یہ ہے کہ مزار ابراہیمی کے قتل کو محض ایک واقعہ نہیں سمجھا جا سکتا بلکہ ایک منصوبہ بند اور ہدف مند کارروائی تھی، کیونکہ بعد میں یہ صیہونی حکومت کی طرف سے ایک سرکاری پالیسی کے طور پر مسجد ابراہیمی کو یہودیانے کا باعث بنی۔ صیہونی حکومت نے اس جرم کو الخلیل میں حرم ابراہیمی میں انجام دیکر اس کے وقت اور مقام کی تقسیم کے منصوبے کو عملی جامہ پہنایا۔ اس قتل عام کی 29ویں برسی کے موقع پر اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان میں تاکید کی ہے کہ صیہونی دشمن کی جانب سے شہر الخلیل میں واقع مسجد ابراہیمی کو یہودی بنانے کی کوششیں اس مسجد کا کنٹرول حاصل کرکے اسے نمازیوں کے لیے بند کرنا تھا۔ یہ سازشین اور کوششیں رنگ نہیں لائیں گی اور یہ اقدامات نہ صرف سنگین جرم ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی بھی ہے۔ اسے آسمانی مذاہب کے خلاف ایک بڑا جرم دیا گیا ہے۔ البتہ اس طرح کے وحشیانہ اقدامات تاریخی حقائق کو کبھی مسخ نہیں کرسکتے۔ ابراہیمی مسجد ہمیشہ مسلمانوں کی تھی اور ہمیشہ رہے گی۔

دراصل حرم ابراہیمی میں انجام پانے والا قتل عام ایک نسلی صفائی تھی، جو عرصے سے صیہونیوں کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ آج بھی الخلیل شہر میں مقیم فلسطینیوں کو اسی طرح کی وسیع پابندیوں اور نسلی امتیاز پر مبنی صورت حال کا سامنا ہے۔ آج بھی فلسطین میں دوسرے کئی مقامات کو یہودیانے کا سلسلہ جاری ہے اور صیہونی آبادکاری کی پالیسی کے تسلسل کے ساتھ فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرکے ان کے گھروں اور زمینوں کو ضبط کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ قابل افسوس بات یہ ہے کہ یہ جرم عالمی اداروں اور مغربی طاقتوں کی خاموشی اور مکمل حمایت کے سائے میں انجام پا رہا ہے اور یہاں پہنچ کر انسانی حقوق اپنے معنی کھو بیٹھتے ہیں۔بشکریہ اسلام ٹائمز

نوٹ:ابلاغ نیوز کا تجزیہ نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

یہ بھی دیکھیں

بائیڈن کے حماس سے اپنی شکست تسلیم کرنے کے چار اہم نتائج

ایک علاقائی اخبار نے الاقصیٰ طوفان آپریشن کو مختلف جہتوں سے حماس کے خلاف امریکہ …