بدھ , 24 اپریل 2024

یورپ ایران کے بارے میں اپنی استبدادی سوچ تبدیل کرے،ایرانی مندوب محسن نذیری

تہران:ایٹمی توائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے میں ایران کے مندوب نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ یورپ کو ہارجیت کا کھیل ختم اور ایران کے بارے میں اپنی سوچ تبدیل کردینا چاہئے کہا کہ مغرب اپنی استبدادی پالیسی اور سوچ کی بارہا شکست کا تجربہ کرچکا ہے

آئی اے ای اے میں ایرانی مندوب محسن نذیری اصل نے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ایران سے متعلق بحث میں کہا کہ اگر آئی اے ای اے غیر قانونی پابندیوں کی نگرانی کرتی تو قرار داد بائیس اکتیس کے ذیل میں امریکہ اور تین یورپی ملکوں کی جانب سے کی جانی والی خلاف ورزیوں کی رپورٹ بہت زیادہ طولانی ہوتی ۔

ایرانی مندوب نے ایران میں ایٹمی معاہدے کی پاسداری کے بارے میں آئی اے ای اے کے سربراہ کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رپورٹوں میں جس چیز کو نظرانداز کردیا جاتا ہے وہ امریکہ اور تین یورپی ملکوں کی طرف سے ایٹمی معاہدے پر عمل نہ کرنا ہے –

ایرانی مندوب کا کہنا تھا کہ ایٹمی معاہدے میں اور بھی فریق ہیں اور اسی طرح کئی ضمیمے بھی ہیں جن پر سبھی فریقوں کی جانب سے بلا تاخیر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے ایرانی مندوب نے کہا کہ ان ملکوں نے جن میں زیادہ تر ایٹمی طاقتیں ہیں اوریا پھر نیٹو کے رکن ہیں کبھی اس بات کا اعتراف کرنے کی کوشش نہیں کی کہ ایران این پی ٹی کا ایک ذمہ دار رکن ملک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ممالک ایسا ماحول تیار کرنا چاہتے ہیں کہ ایران جیسا ایک آزاد و خود مختار ملک بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے باوجود اپنے قومی مفادات حاصل نہ کرسکے ۔

واضح رہے کہ بورڈ آف گورنرز کا حالیہ اجلاس ایک ایسے وقت بدھ کی شام اختتام پذیر ہوا جب اجلاس سے قبل مغربی ملکوں نے ایران کی جانب سے یورینیم کی افزودگی کی سطح بڑھانے جیسی بے بنیاد خبروں کو بہانہ بناکر کافی شور و ہنگامہ کیا اور اجلاس پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی لیکن وہ اپنی اس کوشش میں ناکام رہے –

بورڈ آف گورنرز کے اس اجلاس میں ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے خلاف مغربی ملکوں کے پروپیگنڈوں اور شور وہنگاموں کے باوجود کوئی قرارداد پاس نہیں ہوئی ۔ دوسرے لفظوں میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کے کامیاب دورہ تہران اور سیف گارڈ کے بارے میں سیاسی دعوؤں کے حل کے لئے ایران اور ایجنسی کے درمیان ہونے والے سمجھوتے نے ایران مخالف ہر طرح کی پروپیگنڈہ مہم اور سیاسی بہانے بازیوں کو چھین لیا تھا۔

آئی اے ای اے کے سربراہ کے دورہ تہران میں جاری ہونے والے مشترکہ بیان نےایران کے خلاف تشہیراتی مہم چھیڑنے کے لئے مغرب کے اندازوں کو غلط ثابت کردیا اور درحقیقت بورڈ آف گورنرز کے حالیہ اجلاس نے مغربی ملکوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی افتتاحی نشست میں ایجنسی کے سربراہ رافائل گروسی نے ایران کے ساتھ ہونے والے سمجھوتے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیف گارڈ معاہدے سے متعلق مسائل کے حل کے لئے ایران کے ساتھ فنی لحاظ سے ہونے والے مذاکرات کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے رضاکارانہ طور پر ایجنسی کو فیکٹ فائنڈنگ اور مزید نگرانی کی اجازت دینے کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے – ایک ایسے وقت جب مغربی اور صیہونی میڈیا اور ذرائع ابلاغ ایران کے خلاف پروپیگنڈہ مہم چلارہے ہیں ایجنسی کے سربراہ نے یہ بات کھل کر کہی کہ ایران نے ایٹمی معاہدے کی بحالی کے لئے ایٹمی سرگرمیوں پر مزید نگرانی کے لئے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کو اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دے دی ہے اور یہ چیز معاہدے کی بحالی کے لئے بہت اہم ہے۔

یہ بھی دیکھیں

صہیونی وحشیانہ حملوں نے مغربی تہذیب و تمدن کے چہرے سے نقاب اتار دیا،آیت اللہ سید علی خامنہ ای

تہران:بسیجیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا کہ طوفان …