ہفتہ , 20 اپریل 2024

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کو دورہ متحدہ عرب امارات کی باضابطہ دعوت

تہران:تہران میں متحدہ عرب امارات کے سفیر نے ایرانی پارلیمنٹ میں اسپیکر سے ملاقات کی اور انہیں متحدہ عرب امارات کے دورے کا باضابطہ دعوت نامہ پیش کیا۔تہران میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سیف محمد عبید الزعابی نے آج (بدھ 24 مارچ) کو ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات اور گفتگو کی۔

ملاقات کے آغاز میں قالیباف نے تہران میں الزعابی کو ان کے نئے عہدے کی مبارکباد دی اور کہا کہ خلیج فارس کے ملکوں کو ایک دوسرے کے ساتھ تاریخی، جغرافیائی، ثقافتی، اقتصادی شعبوں میں قریبی اور گہرے تعلقات رکھنے چاہئیں کیونکہ یہی ہمارے خطے کی حقیقت ہے۔

انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ 13ویں حکومت اور 11ویں پارلیمنٹ کی قطعی پالیسی ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ہے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات ایران کے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور ہم اس میں پہلے سے بڑھ کر وسعت دے سکتے ہیں۔ آج متحدہ عرب امارات اور ایران سے روس، ترکیہ، ایشیائی ممالک اور یوریشیائی خطے کے لیے راہداری کے مسئلے نے دونوں ملکوں کے لیے بڑے مواقع پیدا کیے ہیں، اس لیے ہمیں اس پر خصوصی توجہ دینی چاہیے اور مواقع سے استفادہ کرنا چاہیے۔

قالیباف نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ایران اور متحدہ عرب امارات اور خطے کے دیگر ممالک کے درمیان قریبی تعلقات خطے میں سلامتی اور ان ممالک کی ترقی و پیش رفت کا باعث بنیں گے، کہا کہ ایسے میں امریکہ جیسی طاقتوں کی مداخلت کشیدگی کا باعث بنتی ہے کیونکہ وہ خطے میں امن و استحکام نہیں چاہتے بلکہ اپنے مفادات کے پیچھے ہوتے ہیں اور خطے کی سلامتی ان کے لئے اہمیت نہیں رکھتی۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے خلیج فارس میں صہیونیوں کی موجودگی اور اس خطے کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے ناپاک صہیونی عزائم کے بارے میں بھی خبردار کیا۔

ملاقات میں سیف محمد عبید الزعابی نے متحدہ عرب امارات کے حکمراں اور دیگر حکام کی جانب سے تہنیتی پیغامات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بہت خوشی ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ آپ کے دوطرفہ تعلقات قائم ہو رہے ہیں اور یہ تعلقات بالعموم پڑوسی ممالک، خلیج فارس تعاون کونسل کے ممالک اور خاص طور پر متحدہ عرب امارات کے ساتھ قائم ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم پارلیمنٹ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندوں کی کوششوں کو فراموش نہیں کریں گے کیونکہ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور خاص طور پر پارلیمنٹ کے اسپیکر کی حیثیت سے آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کیونکہ دوطرفہ تعلقات اور دونوں ملکوں کے درمیان ہم آہنگی کے بارے میں آپ کا کردار انتہائی موثر تھا۔

الزعابی نے ایران کے اعلیٰ سطحی وفد کے متحدہ عرب امارات کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اس طرح کے دورے دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کے لیے کارآمد ثابت ہوں گے۔

انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کو متحدہ عرب امارات کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا باضابطہ دعوت نامہ پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر قالیباف کا متحدہ عرب امارات کا آئندہ دورہ دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا باعث بنے گا۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …