ہفتہ , 20 اپریل 2024

چاند پر خلا بازوں کے پہننے کیلئے خصوصی خلائی سوٹ کی رونمائی

نیو یارک: ناسا اور امریکی کمپنی ایکسیئم نے چاند مشن پر جانے والے خلابازوں کے پہننے کیلئے بنائے گئے نئے خلائی سوٹ کی رونمائی کر دی۔ہوسٹن کی اسپیس سینٹر میں خلابازوں کے خصوصی سوٹ کی نمائش کے موقع پر ایکسیئم کا کہنا تھا کہ رواں برس گرمیوں کے بعد خلابازوں کو ٹریننگ کیلئے نئے سوٹ پیش کئے جائیں گے، جو کہ ناسا کی تحقیق کی روشنی میں تیار کیے گئے ہیں۔

ناسا کے ایڈمنسٹریٹر بل نیلسن نے اپنے بیان میں کہا کہ ناسا اور ایکسیئم کی پارٹنرشپ خلا میں امریکا کی حکمرانی برقرار رکھنے اور خلابازوں کو چاند کی سطح پر اتارنے کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناسا کی سالوں کی تحقیق کی مدد سے ایکسیئم کی جانب سے تیارکردہ یہ نیا سوٹ نہ صرف پہلی خاتون کو چاند کی سطح پر چلنے میں مدد دیگا بلکہ مزید لوگوں کو بھی موقع فراہم کرے گا کہ وہ چاند پر جا کر سائنس کیلئے مزید کھوجنا کر سکیں۔

امریکی خلائی کمپنی ایکسیئم کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ نارنجی ڈیٹلینگ کے ساتھ کالے اور نیلے رنگ والا نیا سوٹ 20 ویں صدی میں خلا بازوں کی جانب سے پہنے گئے پرانے سفید پفی سوٹ کے مقابلے میں منفرد نظر آتا ہے تاہم خلا میں جانے والے خلابازوں کیلئے بنایا گیا سوٹ انہیں گرمی اور تپش کے اثرات سے بچانے کیلئے سفید رنگ کا ہی ہوگا۔

نئے سوٹ کی رونمائی کے موقع پر ناسا کے جانسن اسپیس سینٹر کے ڈائریکٹر وینیسا وائش کا کہنا تھا کہ گزشتہ 40 سال سے ہمارے پاس خلا بازوں کیلئے نئے سوٹ موجود نہیں تھے اور ہم بین الاقوامی خلائی سٹیشن سمیت ہر تمام مقامات پر پرانے سوٹ ہی استعمال کرنے پر مجبور تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج ایکسیئم نئے ٹیکنالوجی کے ساتھ تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نئے سوٹ بنا رہا ہے جس سے ہم اپنے تمام مراکز کو یہ سہولت دینے کے قابل ہو جائیں گے کہ ہمارے خلا باز محفوظ سوٹ پہن کر سطح پر ہونے والے آپریشن کے دوران سب کچھ کر پائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ نیا سوٹ انسان کو دوبارہ چاند پر بھیجنے والے ناسا کے آرٹیمس پروگرام کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، خلابازوں کیلئے چاند کے جنوبی قطب پر اترنے کے بعد یہ سوٹ موبائل لائف سپورٹ کا کام کرتے ہوئے انہیں چاند کے سطح پر اپنے پیروں پر چلتے ہوئے مزید کھوجنا کے قابل بنائے گا۔

واضح رہے کہ کمپنی کی جانب سے اس سے قبل 2019 میں نئے اسپیس سوٹ کی ڈیزائن کا پروٹوٹائپ جاری کیا گیا تھا، جبکہ خلابازوں کو خلا میں بھیجنے سے قبل کمپنی کی جانب سے خلا جیسے حالات اور ماحول میں نئے اسپیس سوٹ کی ٹیسٹنگ بھی کی جائے گی۔

 

یہ بھی دیکھیں

لکڑی سے بنا دنیا کا پہلا سیٹلائیٹ آئندہ برس لانچ کیا جائے گا

کیوٹو: امریکی خلائی ادارہ ناسا اور جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی (جے ای ایکس اے) …