پیر , 27 مارچ 2023

2023 کے لیے ٹاپ ٹین ایئرپورٹس کی لسٹ جاری

سنگاپور:سنگاپور کے چانگی ہوائی اڈے کو ریکارڈ 12 ویں مرتبہ دنیا کا بہترین ایئرپورٹ قرار دے دیا گیا۔ ہوائی اڈے نے "ورلڈ ایئرپورٹ ایوارڈز 2023” میں یہ ٹائٹل دوبارہ حاصل کیا۔ یہ اعلان ایئر ٹرانسپورٹ ریسرچ کمپنی "سکائی ٹریکس” نے کیا۔چانگی ہوائی اڈے نے اس سے قبل 2013 سے 2020 تک لگاتار 8 سال تک سالانہ سکائی ٹریکس رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی ۔ تمۃک گزشتہ دو سالوں کے دوران یہ ایئرپورٹ دوحہ کے حماد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ٹوکیو کے ہنیدہ ایئرپورٹ سے پیچھے ہوگیا تھا۔

سی این بی سی کے مطابق درجہ بندی میں 100 سے زائد قومیتوں کی نمائندگی کرنے والے بین الاقوامی مسافروں کی آراء کا بھی دھیان رکھا گیا۔ ہوائی سفر کرنے والے مسافروں نے بہت سے عوامل کی بنا پر درجہ بندی کی۔ ان عوامل میں خریداری اور چیک ان، آمد، منتقلی، سیکورٹی، اور امیگریشن کی سہولیات شامل ہیں۔دوحہ کا حمد بین الاقوامی ہوائی اڈہ دوسرے، ٹوکیو کا ہنیدہ ائیرپورٹ تیسرے اور انچیون انٹرنیشنل ائیرپورٹ چوتھے نمبر پر رہا۔ جاپان کے دو ایئرپورٹس نے اس سال سرفہرست دس ایئرپورٹس میں جگہ بنائی۔

جاپان کا ناریتا ایئرپورٹ نویں نمبر پر آیا۔ باقی بڑے ہوائی اڈوں کی درجہ بندی میں پیرس کا ایئرپورٹ پانچویں، استنبول ایئرپورٹ چھٹے، میونخ ایئرپورٹ ساتویں اور زیورخ کا ایئر پورٹ آٹھویں نمبر پر آیا۔گزشتہ برس کی ٹاپ 10 فہرست میں شامل تمام ہوائی اڈے اوساکا کے کانسائی ایئرپورٹ کے سوا دوبارہ ٹاپ ٹین میں آگئے۔ تاہم اس سال سپین کے میڈرڈ- باراجاس ہوائی اڈے نے 10 ویں پوزیشن حاصل کرکے کانسائی ایئرپورٹ کی جگہ لے لی۔سکائی ٹریکس سروے نے ایئرپورٹس کی دوسرے پیمانے پر بھی رینکنگ کی ہے۔ اس فہرست کے مطابق سیول کے انچیون ایئرپورٹ کو دنیا کا بہترین سٹاف ایئرپورٹ اور چین کے شینزین باؤان ایئرپورٹ کو دنیا کا بہترین ترقی یافتہ ہوائی اڈہ قرار دیا گیا۔

چانگی ہوائی اڈے نے 1981 میں اپنے آغاز کے بعد سے اب تک 660 سے زیادہ بہترین ایئرپورٹ کے ایوارڈز جیتے ہیں۔ ہوائی اڈے نے ٹرمینل 2 کی صلاحیت کو ہر سال 5 ملین مسافروں تک بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس نے اپ گریڈیشن کا کام شروع کر دیا ہے جو 2024 تک مکمل ہونا ہے۔اپنے چار ٹرمینلز پر چانگی ایئرپورٹ میں ایک جم، شاورز، نیپ ایریاز، بچوں کے کھیلنے کا ایک 16 میٹر اونچا ڈھانچہ اور رن وے پر نظر آنے والا سوئمنگ پول موجود ہے۔

 

یہ بھی دیکھیں

پاکستان میں سیاسی کشیدگی کو پولیس کی بربریت کا باعث نہیں بننا چاہیے:رکن امریکی کانگریس

نیویارک: پاکستان کے سیاسی معاملات پر امریکا سے ایک اور بیان آ گیا۔رپورٹس کے مطابق …