جمعرات , 30 مارچ 2023

زمان پارک چھاپے اور تشدد کیخلاف عمران خان کا عدالت جانے کا فیصلہ

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے زمان پارک میں گھر پر چھاپے اور عملے پر تشدد کے معاملے پر عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سماجی رابطے کی سائٹ پر عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ میرے گھر پر پولیس کا حملہ توہین عدالت ہے، عدالتی حکم پر ہم نے اتفاق کیا تھا کہ سرچ وارنٹ کیلیے ایس پی پی ٹی آئی کے ایک فرد سے رابطے میں رہے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’سرچ آپریشن کے دوران کس قانون کے تحت میرے گھر کا دروازہ توڑ کر درخت اکھاڑے گئے اور بھاری ہتھیاروں سے لیس اہلکار میرے گھر میں داخل ہوئے؟

انہوں نے لکھا کہ ’یہ سب اُس وقت ہوا جب میں اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کیلیے زمان پارک سے روانہ ہوا، اس دوران بشریٰ بی بی گھر پر اکیلی تھیں جو مکمل غیر سیاسی خاتون ہے‘۔

عمران خان نے کہا کہ ’چادر اور چار دیواری کی پامالی اسلامی اصول کے خلاف ہے‘۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے اعلان کیا کہ ’اس توہین کے معاملے، گھر کے تقدس کی پامالی اور عملے پر ہونے والے تشدد کے معاملے پر عدالت جارہا ہوں‘۔

دوسری جانب عمران خان نے کہا کہ میری عدالت میں پیشی کےموقع پر آنےوالےتمام لوگوں کا شکرگزار ہوں، سب جانتےہیں کہ مجرموں کا گروہ ہر حال میں انتخابات تک مجھے پابندِ سلاسل کرنا چاہتا ہے، ۔پہلےہی مجھ پر 96 مقدمات قائم کئے جاچکے ہیں اور مجھے یقین ہےکہ آج کی اپنی پیشی کےبعد میں خود پر مقدمات کی پہلی سنچری مکمل کر لوں گا۔

اُدھر زمان پارک پہنچنے پر سیکڑوں کی تعداد میں موجود کارکنان نے پارٹی چیئرمین کا والہانہ استقبال کیا اور شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس دوران عمران خان کی آمد پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔

یہ بھی دیکھیں

پیٹرول پر سبسڈی، آئی ایم ایف نے حکومت کی ابتدائی تجویز مسترد کر دی

اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پیٹرول پر مجوزہ سبسڈی کی ابتدائی …