منگل , 23 اپریل 2024

دہشت گردی کے خلاف سپاہ پاسداران انقلاب خطے میں سب سے بڑی طاقت ہے:ایران

تہران:ایرانی وزیر خارجہ نے کہاکہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی خطے میں داعش اور دیگر دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں سب سے مضبوط طاقت ہے اور خطے میں استحکام اور سلامتی کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے آسٹریلیا کے وزیر خارجہ "پنی وانگ” کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کی ہے۔اس موقع پر آسٹریلوی وزیر خارجہ نے امیر عبداللہیان کو نوروز کی مبارکباد دی۔

اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے آسٹریلیا کی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور سفارت کاری اور گفتگو کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ہم آسٹریلیا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی شعبوں میں تعاون کے مختلف مواقع ہیں۔

امیر عبداللہیان نے ماضی میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دونوں ممالک کے درمیان مثبت تعاون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی خطے میں داعش اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے مضبوط طاقت ہے اور اس کا خطے میں استحکام اور سلامتی کے قیام میں اہم کردار رہا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے آسٹریلیا میں الاہوزیہ دہشت گرد گروہ کے سرغنوں کی موجودگی کی طرف اشارہ کیا اور تاکید کی کہ اس دہشت گرد گروہ پر ایران میں عام شہریوں کو قتل کرنے کا الزام ہے۔

آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وانگ نے بھی اس ٹیلیفونک گفتگو میں نوروز کی مبارکباد دیتے ہوئے ایران اور آسٹریلیا کے درمیان مذاکرات اور سفارتی تعلقات قائم رہنے پر تاکید کی اور کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے سفارت کاری کا راستہ کھلا رہنا چاہیئے۔

پینی وانگ نے ایران اور مغرب کے درمیان جاری مذاکرات کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ ہم ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے درمیان تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں اور اس تعاون کو تعمیری نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ایرانی اور آسٹریلین وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے مابین روابط اور مشاورت کی ضرورت پر زور بھی دیا۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …