بدھ , 7 جون 2023

ملا عمر کے قریبی ساتھی مرکزی بینک کے سربراہ مقرر

کابل:افغان طالبان نے ملا عمر کے قریبی ساتھی کو افغانستان کے مرکزی بینک کا قائم مقام سربراہ مقرر کردیا۔ رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ نے ملا ہدایت اللہ بدری پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

افغانستان کے مرکزی بینک میں نئی تقرری کا اعلان بدھ کو طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت خزانہ کے سابق قائم مقام سربراہ ملا ہدایت اللہ بدری کو افغانستان بینک کا قائم مقام سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔

افغانستان کے سابق وزیر خزانہ نے 2021ء میں طالبان کے مغربی حمایت یافتہ انتظامیہ سے ملک کا کنٹرول چھین لینے کے بعد بجٹ کے معاملات کی نگرانی کی تھی۔

انڈیپینڈنٹ اردو کے مطابق وزارت خزانہ کے ترجمان احمد ولی حقمل نے کہا کہ ملا ہدایت اللہ بدری پہلے ہی اپنا نیا عہدہ سنبھال چکے ہیں۔

طالبان کیلئے مالیاتی امور چلانے کی صلاحیتوں کے مالک، نیشنل بینک کے نئے سربراہ ماضی میں مطلوب دہشت گرد اور سینئر طالبان رہنماء ملا محمد عمر کے مشیر کے طور پر کام کرچکے ہیں، ملا عمر کی 2013ء میں ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی۔

ملا ہدایت اللہ بدری جنہیں گل آغا کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، پر افغانستان کے شہر قندھار میں خودکش حملوں کیلئے رقم جمع کرنے، طالبان جنگجوؤں اور ان کے خاندانوں میں رقوم تقسیم کرنے کا الزام ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ان پر جولائی 2010ء میں پابندیاں لگا دی تھیں۔

یہ بھی دیکھیں

امریکا نے خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی دینے کا مطالبہ کردیا

واشنگٹن:امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل کا کہنا ہے کہ پاکستان میں نو مئی …