جمعرات , 25 اپریل 2024

ایران کی فرانس میں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کی شدید مذمت

تہران:ایرانی وزیر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایرانی وزارت خارجہ پرامن مظاہرین کے خلاف فرانسیسی پولیس کے تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر فرانس میں جاری پرامن احتجاجی مظاہرے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہم پرامن مظاہرین کی آواز حق کو دبانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

امیر عبداللہیان نے مزید کہا کہ ہم فرانسیسی حکومت سے بھرپور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انسانی حقوق کا احترام کرتے ہوئے پرامن احتجاجی مظاہرے کے ذریعے اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے والے لوگوں کے خلاف طاقت استعمال کرنے سے گریز کرے۔

یاد رہے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی پنشن اصلاحات کے خلاف ملک گیر احتجاج میں دس لاکھ سے زائد افراد کی شرکت کے بعد فرانسیسی سکیورٹی فورسز نے سینکڑوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ 9 دن سے جاری ہے تاہم ان احتجاجی ریلیوں کی وجہ سے ٹرین اور ہوائی سفر بری طرح سے متاثر ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق، جمعرات کو 300 شہروں میں جاری ملک گیر مظاہروں میں ڈیڑھ سے 3.5 ملین تک لوگ شریک تھے۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …