منگل , 23 اپریل 2024

افطار کے فوراً بعد سگریٹ نوشی سے امراض قلب کے خطرات بڑھتے ہیں:ماہرین

انقرہ: ترکی میں گیرسن یونیورسٹی کے میڈیکل کالج میں شعبہ امراض قلب کے سربراہ ڈاکٹر قاغان قولان نے خبردار کیا ہے کہ رمضان المبارک میں افطار کے فوری بعد سگریٹ نوشی کرنے سے امراض قلب کے خطرات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر قولان نے کہا کہ جو لوگ افطار کے فوری بعد سگریٹ پیتے ہیں انہیں جسمانی جھٹکوں اور ہاتھ اور پاوں میں کپکپاہٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس کے علاوہ چکر بھی آتے ہیں۔ اس لیے کہ طویل وقفے کے بعد سگریٹ پینے سے جسم کا تمام مدافعتی نظام درہم برہم ہوتا ہے جبکہ تھوڑے وقفے سے سگریٹ پینے پر ایسا نہیں ہوتا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان میں سگریٹ نوشی سے خون کی شریانوں کی دیواروں کو شدید نقصان پہنچتا ہے جو باقی سال بھر پہنچے والے نقصان سے کہیں زیادہ ہوتا ہے۔

ڈاکٹر قولان کے مطابق بعض طبی تحقیقوں سے معلوم ہوتا ہے کہ رمضان میں دل سے متعلق امراض کے سبب اموات میں اضافہ ہوجاتا ہے اور اسی سلسلے میں سگریٹ نوشی بھی اچانک موت کا سبب بن سکتی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ رمضان کے مہینے سے فائدہ اٹھا کر سگریٹ نوشی ترک کرنے کا آغاز کیا جانا چاہیے اور روزے کے طویل اوقات کے دوران جسم کے تمباکو کے عدم استعمال کی عادت سے مستفید ہونا چاہیے۔

یہ بھی دیکھیں

ڈائری لکھنے سے ذہنی و مدافعتی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

لندن:کمپیوٹرائزڈ اور اسمارٹ موبائل فون کے دور میں اب اگرچہ ڈائریز لکھنے کا رجحان کم …