لاہور :نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا اعلان آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس نے نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ون ڈے اور 5 ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلنی ہے، اس سیریز کا آغاز 14 اپریل سے ہو گا، جس کے لیے کیویز نے اپنے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔دوسری جانب نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان اپریل کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے، ہارون رشید کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پر غور کرے گی۔
نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کی واپسی یقینی ہے، کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، بلے باز فخر زمان، فاسٹ باولر شاہین آفریدی، حارث روف کی سکواڈ میں واپسی متوقع ہے۔اُدھر افغانستان کیخلاف زبردست کارکردگی دکھانے پر آل راؤنڈر عماد وسیم کو بھی سکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے، جبکہ پی ایس ایل کے نئے ٹیلنٹ اور شارجہ میں بہترین باؤلنگ کرنے والے احسان اللہ کو بھی ون ڈے سکواڈ کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق افغانستان سیریز میں شامل اعظم خان، طیب طاہر، زمان خان، وسیم جونئیر کو ڈراپ کیا جانے کا امکان ہے جبکہ عبداللہ شفیق اور صائم ایوب میں سے ایک کھلاڑی کو موقع دیئے جانے کا امکان ہے۔