جمعرات , 18 اپریل 2024

بلاول بھٹو کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، مفتی عبدالشکور کے انتقال پر تعزیت

پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے انکے آبائی گھر عچدالخیل پہنچے اور مفتی عبدالشکور کی وفات پر مولانا سے تعزیت کی جبکہ سابق صدر کا اہم پیغام بھی پہنچایا۔وفاقی وزیر قمر الزمان کائرہ، وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی، پیپلز پارٹی کے خیبر پختونخوا اسمبلی میں سابق ڈپٹی پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی، تحصیل ناظم پہاڑ پور مخدوم سید الطاف، سابق ایم پی اے مظہر جمیل، علی زئی، ضلعی صدر ملک فرحان افضل دھپ، دویژنل جنرل سیکریٹری نورنگ خان گنڈہ پور، ٹانک کے صدر ہدایت خان گنڈہ پور، جنرل سیکریٹری فتح شیر محسود بھی بلاول بھٹو زرداری کے وفد میں شامل تھے۔
عبدالخیل آمد پر مولانا ضیا الرحمان نے ہیلی پیڈ پر پیپلز پارٹی کے وفد کا استقبال کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے صدر آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام مولانا فضل الرحمان کو پہنچایا انہوں نے مرحوم مفتی عبدالشکور کی وفات پر مولانا فضل الرحمان سے تعزیت کی اور انکی مغفرت کی دعا کی۔

ملاقات میں حکمران اتحاد کی جانب سے تحریک انصاف سے مذاکرات کے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں کے قائدین نے ملک میں پائیدار جمہوریت اداروں کے مثبت آئینی کردار کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ ملاقات میں ملک کو داخلی اور خارجی محاذ پر درپیش مشکلات اور اس حوالے سے گزشتہ ایک سال کے دوران پی ڈی ایم حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ملاقات میں سی پیک کے معاملات کو مزید بہتر بنانے۔ گوادر کی تجارتی معاشی اہمیت اور تحریک انصاف دور حکومت میں ان منصوبوں کو پہنچنے والے نقصانات کے تدارک کے لیئے اقدامات اٹھانے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …