ہفتہ , 20 اپریل 2024

اسرائیل نے اسلحہ سمگل کرنے کے الزام میں اردن کے رکنِ پارلیمان کو گرفتار کر لیا

عمان:اردن کی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ مقبوضہ غربِ اردن میں مبینہ طور پر اسلحہ سمگل کرنے کوشش کرنے پر اردن کے ایک رکنِ پارلیمان کو اسرائیل نے گرفتار کر لیا ہے۔

اردن کی ایمن نیوز ایجنسی کے مطابق عیماد الادوان نامی رکنِ پارلیمان کو سنیچر کی رات کو ایلنبی بریج کراسنگ پر حراست میں لیا گیا تھا۔

اسرائیلی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر تصدیق شدہ ویڈیو کے مطابق اسرائیلی حکام کا دعوی ہے کہ انھیں 12 مشین گنیں اور 270 کی تعداد میں مختلف اقسام کا آتشیں اسحلہ ملا ہے۔

اسرائیل نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے اور سوشل میڈیا رپورٹنگ پر سختی کر دی ہے۔

اردن کی وزارتِ خارجہ کے حکام نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کو ’جلد از جلد‘ حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق شِن بیت سکیورٹی ایجنسی یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ اسلحہ کس کو بھیجا جا رہا تھا اور آیا اس رکنِ پارلیمان نے اس سے پہلے بھی یہ کام کیا ہے۔

اردن اور اسرائیل نے سنہ 1994 میں امن معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد سفارتی تعلقات قائم کر لیے تھے۔ تاہم مقبوضہ بیت المقدِس میں مسجدِ اقصی میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔ اردن مسجدِ اقصیٰ کا نگران بھی ہے۔

مسجدِ اقصیٰ بیت المقدِس (مشرقی یروشلم) میں واقع ہے جس پر اسرائیل کا قبضہ ہے۔ یہ یروشلم کی سب سے بڑی مسجد ہے جس میں ہزاروں نمازیوں کی گنجائش ہے۔

اردن کی آبادی کا نصف سے زیادہ حصہ فلسطینی نژاد ہے۔ اردن کے اکثر لوگ مقبوضہ غربِ اردن میں فلسطینیوں کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔ جب بھی اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے تو اردن میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو جاتے ہیں۔

اسرائیل کی جانب سے گرفتار کیے جانے والے 35 سالہ عیماد الادوان اردن کی پارلیمان کی فلسطین کمیٹی کے رکن ہیں۔ اردن کے ایک نمایاں رکنِ پارلیمان خلیل عطیہ، جو اردن کے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کے خلاف ہیں، کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے عیماد الادوان کی گرفتاری نے اردنی لوگوں کے ’وقار کو مجروع ‘ کیا ہے۔

یروشلم میں پہاڑی کی چوٹی پر واقع الاقصیٰ کمپلیکس یہودیوں کا سب سے مقدس اور اسلام کا تیسرا مقدس ترین مقام ہے۔ یہودی اسے ٹمپل ماؤنٹ جبکہ مسلمان حرم الشریف کے نام سے پکارتے ہیں۔

 

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …