منگل , 6 جون 2023

روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ : پاکستان اور سعودی عرب کا عملدرآمد پراتفاق

اسلام آباد : پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڈ ٹومکہ پراجیکٹ کے معاہدے سےمتعلق پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئےمعاہدے کو حتمی شکل دینے پراتفاق کرلیا گیا۔سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان سے سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے ملاقات کی ،جس میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت ہوئی۔

وزیر داخلہ اور سعودی سفیر کی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے معاہدے سےمتعلق پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئےمعاہدے کو حتمی شکل دے کر اسے مکمل طور پر فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی نائب وزیر داخلہ اس معاہدے پر دستخط کرنے کے لئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے،اس پراجیکٹ کے تحت حجاج کو آسان اور بلا رکاوٹ ایمگریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔اس منصوبے کا آغاز اسلام آباد ائیرپورٹ سے کیا جا رہاہے۔اس سال چالیس ہزار حجاج اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ اس سہولت کا جلد دوسرے بڑے شہروں میں بھی آغاز کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ حجاج اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے استفسار پر سعودی سفیر کی جانب سے سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی کیلئے ہرممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے مابین تاریخی، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیںپاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں۔وزیر داخلہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سعودی سفیر کی کاوشوں کو سراہا۔

یہ بھی دیکھیں

توقع ہے سیاسی جماعتیں ایک تاریخ پر ملک بھر میں انتخابات پر متفق ہوجائیں گی، سپریم کورٹ

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ملک بھر میں انتخابات ایک دن کرانے کے کیس میں …