جمعرات , 25 اپریل 2024

اسرائیل کی غزہ پر بمباری، اسلامی جہاد کے 3 کمانڈرز سمیت 10 افراد شہید

بیت المقدس : اسرائیلی ڈیفنس فورسز ( آئی ڈی ایف ) کی جانب سے غزہ کی پٹی پر کئے جانے والے فضائی حملوں میں اسلامی جہاد تحریک کے 3 کمانڈرز سمیت کم از کم 10 فلسطینی شہید ہو گئے۔عرب خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ فلسطینی اسلامی جہاد تحریک کے ارکان کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ کی پٹی میں 10 افراد شہید اور غیر مصدقہ تعداد میں لوگ زخمی ہوئے ہیں جبکہ حملوں کے نتیجے میں کئی عمارتیں اور گھر بھی تباہ ہو گئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق فضائی حملوں میں رہائشی اپارٹمنٹس اور اسلامی جہاد کے سنیئر کمانڈرز کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور شہدا میں تنظیم کے کمانڈر غنم اور ان کی اہلیہ بھی شامل ہیں۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ آج صبح سویرے غزہ شہر میں ایک اپارٹمنٹ کی عمارت کی اوپری منزل اور جنوبی شہر رفح میں ایک گھر میں دھماکہ ہوا جس کے بعد پورا غزہ دھماکوں سے گونج اٹھا اور متعدد افراد ان دھماکوں کے نتیجے میں زخمی ہو چکے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مختلف فلسطینی اکاؤنٹس کی جانب سے شیئر کی جانے والی اطلاعات کے مطابق حالیہ حملوں کے دوران 3 بچوں سمیت ایک پورا خاندان بھی شہید ہو گیا ہے جس کے سربراہ کی شناخت طارق عزیز الدین کے نام سے ہوئی ہے۔

غزہ کی پٹی کے جنوبی محصور شہر رفح پر اسرائیلی جارحیت کے دوران 5 سالہ بچی بھی شہید ہوئی جس کی شناخت حجر البحیتی کے نام سے ہوئی ہے۔

فلسطینی گروپ حماس کے ترجمان نے الاقصیٰ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پٹی پر جارحیت کی پوری ذمہ داری اسرائیلی فوج پر عائد ہوتی ہے، مزاحمت ہمارے لوگوں اور ہمارے مقدس مقامات کا دفاع جاری رکھے گی۔
دوسری جانب ہوائی حملوں کے جواب میں فلسطین کی جانب سے راکٹ داغے جانے کی توقع میں اسرائیل کی فوج نے غزہ کے 40 کلومیٹر (25 میل) کے اندر کمیونٹیز کے اسرائیلی باشندوں کو نامزد بم پناہ گاہوں کے قریب رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

علاوہ ازیں آئی ڈی ایف کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر جاری کئے گئے ایک پیغام میں کہا گیا کہ ہم نے ابھی اسلامی جہاد تنظیم کے سینئر آپریشنل آفیسر خلیل باہٹینی کو نشانہ بنایا ہے جو اسرائیلی شہریوں کی سلامتی کے لیے ایک خطرہ تھے۔آئی ڈی ایف کی جانب سے جاری کردہ پیغام کے ساتھ خلیل باہٹینی کی تصویر بھی شیئر کی گئی ہے۔

 

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …