ہفتہ , 20 اپریل 2024

بجٹ میں عوام کوریلیف اور معیشت کی ترقی کو ترجیح دی جائے گی،وزیراعظم کی ہدایات

اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے دانستہ طور پر ملک میں سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کو روکا،لہٰذا آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف اور معیشت کی ترقی کو ترجیح دی جائے گی،میں بذاتِ خود یقینی بناؤنگا کہ صنعتی شعبے سے تجاویز بجٹ کا حصہ بنائی جائیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ تجاویز ، بلخصوص صنعتی شعبے سےمشاورت پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے معروف صنعتکار اور سرمایہ کار وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ،اسکے علاوہ احد چیمہ ، وفاقی وزراء اسحاق ڈار، سید نوید قمر، احسن اقبال،وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئر مین ایف بی آر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس میں وزارتِ تجارت اور وزارتِ صنعت و پیداوار کی طرف سے مختلف شعبوں کی طرف سے تجاویز پیش کی گئیں،اسکے علاوہ صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں نے بھی ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔اجلاس میں وزیر اعظم نے حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف اور معیشت کی ترقی کو ترجیح دی جائے گی،صنعتی شعبے کی پیداوار اور برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات بجٹ کا حصہ ہونگے، میں بذاتِ خود یقینی بناؤنگا کہ صنعتی شعبے سے تجاویز بجٹ کا حصہ بنائی جائیں، چھوٹے، بڑے اور برآمدی صنعتوں کی پیداوار میں اضافے کے درمیان حائل تمام غیر ضروری رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے اپنی حکومت بچانے کیلئے آئی ایم ایف معاہدہ توڑا جس کا خمیازہ 22 کروڑ عوام بالخصوص صنعتوں کو بھگتنا پڑا،قوموں کی زندگی میں مشکلات آتی ہیں، پاکستانی قوم با ہمت قوم ہے،ہم سب مل کر اس معاشی مشکل سے بتدریج نکل رہے ہیں،حکومت، پوری قوم، صنعتکار اور کاروباری حضرات مل کر پاکستان کے بہتر حالات کیلئے محنت کر رہے ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ گزشتہ ایک برس شرپسند عناصر نے کبھی لانگ تو کبھی شارٹ مارچ اور دھرنوں سے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی،9 مئی کے واقعات نے نہ صرف ملک میں شر پھیلایا بلکہ پاکستان کو شدید معاشی نقصان پہنچایا،حکومت صنعتوں کو سستی توانائی فراہم کرکے انکی پیداواری لاگت مزید کم کرے گی، حکومت یہ بھی یقینی بنائے گی کہ بینک چھوٹی صنعتوں کو آسان شرائط پر قرض فراہم کریں۔وزیرِ اعظم کی مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ کو اجلاس میں صنعتکاروں کی طرف سے دی گئی تجاویز کو حتمی شکل دے کر بجٹ میں شمولیت کیلئے تیار کرنے کی ہدایت کی۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …