ہفتہ , 20 اپریل 2024

شہریار آفریدی کی عدالتی حکم کے باوجود دوبارہ گرفتاری پر آئی جی اسلام آباد کو نوٹس

اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کی عدالتی حکم کے باوجود دوبارہ گرفتاری پر آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کردیا گیا۔شہریار آفریدی کی رہائی کے بعد گرفتاری پر توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں وکیل شہر افضل مروت نے دلائل میں کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود شہریار آفریدی کی دوبارہ گرفتاری کی گئی اور کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔

توہین عدالت کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اسٹیٹ کونسل کو ہدایت کی کہ اب تک متعلقہ عدالت میں کیوں نہیں پیش کیا گیا ،کل تک اس معاملے پر جواب دیں ۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آج ہدایت کے ساتھ ہماری درخواست نمٹا دیں، کل کیس بھی لگا ہوا ہے ۔ شہریار آفریدی کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے۔ عدالت سے درخواست کی گئی کہ آپ نے ڈیتھ سیل سے نکالنے کا زبانی حکم دیا تھا، تحریری حکمنامہ جاری کردیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ہمارے آرڈر کی تعمیل نہ کی گئی ہو ۔ توہین عدالت کا کیس ہے، اس کو ہم نمٹا نہیں رہے، کل دوبارہ سماعت رکھیں گے ۔

بعد ازاں عدالت نے شہریار آفریدی کی جانب سے پولیس کے خلاف توہین عدالت درخواست کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …