جمعرات , 25 اپریل 2024

دنیا الیکشن کروانے کا بار بار کہہ رہی ہے لیکن حکومت نتیجے سے خوفزدہ ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دنیا الیکشن کروانے کا بار بار مشورہ دے رہی ہے لیکن حکومت نتیجے سے باخبر اور خوف زدہ ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام ہی معاشی اور اقتصادی استحکام کو جنم دے سکتا ہے، حالات اتنے سنگین ہیں کہ آئین و قانون دم توڑ رہا ہے، ن لیگ اپنے سیاسی جال میں خود پھنس گئی ہے، پاکستانی کرنسی افغانستان، سری لنکا اور بنگلا دیش سے بھی پیچھے چلی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 13 جماعتوں کی سیاست تھی کہاں جو داؤ پر لگائی، داؤ پر صرف غریب لگا، اپنی ذات کیلئے قانون بنائے اور کیسوں سے نجات پائی، جو سیاسی کھچڑی پک رہی ہے اس کی ہنڈیا ابھی چولہے پر نہیں چڑھی، جب ہنڈیا اترے گی تو پتا لگے گا کہ کھچڑی بنی یا کھچڑا۔

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی چھتریوں پر آوارہ سیاسی پرندے ادھر سے ادھر بیٹھ رہے ہیں، لیکن دانا کس کو پڑتا ہے فیصلہ ہونا باقی ہے، معاشی، سیاسی حالات اس جگہ پہنچ چکے ہیں کہ ہم نے 25 ارب ڈالر دنیا کے دینے ہیں، ہمارے پاس ریزرو میں صرف 4 ارب ڈالر ہیں۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ حکومت نے قرضے لینے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، چیئرمین پی ٹی آئی نے 4 سال میں اتنا قرضہ نہیں لیا جتنا انہوں نے ایک سال میں لے لیا پھر کہتے ہیں اسحاق ڈار اور ٹیم تجربہ کار ہے، دیر سویر الیکشن کروانے پڑیں گے، 13 اگست اسمبلیاں توڑنے کیلئے ریڈ لائن ہے، لیکن الیکشن نہیں رک سکتے۔

 

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …