(تحریر: مجید وقاری)
چھ ممالک جرمنی، فرانس، انڈونیشیا، لیکٹنسٹائن، منگولیا اور جنوبی افریقہ کے وزرائے خارجہ نے منگولیا کے دارالحکومت اولان باتار میں ایک اجلاس میں افغان خواتین پر طالبان کی پابندیوں کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس اجلاس کے بیان میں افغانستان میں خواتین کی مکمل، مساوی، سنجیدہ اور محفوظ سماجی شرکت پر زور دیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں طالبان سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ ایسی پالیسیوں اور اقدامات کو فوری طور پر روکیں، جو خواتین کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کرتی ہیں، جن میں تعلیم اور ملازمت، نقل و حرکت کی آزادی اور عوامی و سماجی زندگی میں سنجیدہ شرکت کا حق شامل ہے۔ اولان باتور اجلاس میں شریک چھ ممالک کے وزرائے خارجہ نے دیگر تمام تنظیموں اور ممالک سے بھی کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر پر مبنی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے افغان خواتین کے خلاف طالبان کی سخت پالیسیوں کو منسوخ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
یہ ایسے عالم میں ہے کہ اس سے قبل مغربی ممالک، اسلامی ممالک بالخصوص اسلامی جمہوریہ ایران نے طالبان کو یاد دلایا ہے کہ اسلام کی تعلیمات کے مطابق خواتین اور لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے کا حق حاصل ہے اور اسلام نے کبھی بھی خواتین اور لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے سے منع نہیں کیا۔ سیاسی امور کے ماہر مولوی مفلح کہتے ہیں: "اسلام نے انسانوں کی ترقی کے لیے سب سے زیادہ ترقی پسند اصول اور قوانین پیش کیے ہیں اور اللہ تعالیٰ نے قرآن میں مسلمانوں کی تعلیم اور ترقی پر زور دیا ہے، اس لیے بعض قوانین کو اپنانا اور بعض کو مسترد کرنا دینداری نہیں ہے۔ اسلامی تعلیمات کو مکمل اپنانا چاہیئے، اپنی مرضی کو اسلام کے نام سے مسلط کرنا درست اقدام نہیں، کیونکہ یہ عالمی سطح پر مسلمانوں اور اسلامی قوانین کی غلط تصویر پیش کرتا ہے، جس کا اسلامی رسوم و تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔”
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے اس سے قبل اس تنظیم کے خواتین سے متعلق کمیشن کے افتتاحی اجلاس میں کہا تھا کہ افغانستان جیسے ممالک میں خواتین کے حقوق کے شعبے میں پیش رفت کی کنی، جہاں خواتین اور لڑکیوں کو سماجی مسائل سے الگ کرنا ہے، وہاں درحقیقت انہیں زندگی کی صنفی مساوات سے محروم کرنا ہے، جس سے عورتوں کے ساتھ سماج کو نقصان ہوگا۔ گذشتہ سال طالبان کی عبوری حکومت کی وزارت اعلیٰ تعلیم نے افغانستان کی یونیورسٹیوں اور اعلیٰ تعلیم کے نجی اداروں کو ایک خط بھیجا تھا، جس میں نئے سال کے داخلے کے امتحان میں لڑکیوں کے اندراج پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ اس حکومتی ہدایت کے مطابق افغانستان کی سرکاری یونیورسٹیوں اور اعلیٰ تعلیم کے نجی اداروں کو طالبات کو داخلہ دینے کی اجازت نہیں۔
اس کا مطلب سرکاری طور پر لڑکیوں کو اعلیٰ سطح پر بھی تعلیم جاری رکھنے سے روکنا ہے، حالانکہ افغانستان جیسے معاشرے کو اس ملک کی یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل افراد کی خدمات کی اشد ضرورت ہے۔ دریں اثناء طالبان کی عبوری حکومت کی وزارت اقتصادیات کے ترجمان عبدالرحمن حبیب نے 24 دسمبر کو اعلان کیا کہ افغانستان میں مقامی اور بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں میں خواتین کی ملازمتیں اگلی اطلاع تک معطل کر دی گئی ہیں۔ افغان امور کے ماہر امین فرجاد کہتے ہیں: "طالبان کا دعویٰ ہے کہ وہ اپنی مطلوبہ فقہ کی بنیاد پر خواتین اور لڑکیوں پر تعلیمی اور ملازمت پر پابندیاں لگاتے ہیں، حالانکہ طالبان کے ترجمان نے حال ہی میں دعویٰ کیا ہے کہ لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے سے روکنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ چھٹی جماعت تک پچھلی حکومت کا بنایا گیا تعلیمی نصاب اسلامی نہیں ہے، جسے طالبان ٹھیک کرنے اور اصلاح کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بہرحال لڑکیوں کی تعلیم اور خواتین کی ملازمت پر پابندی لگانے سے طالبان کی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر شبیہ خراب ہوئی ہے۔
ادھر اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے رابطہ کار نے اعلان کیا ہے کہ اگر افغان خواتین کی ملازمت پر پابندی جاری رہی تو افغانستان کو اقوام متحدہ کی امداد کم ہو جائے گی۔ تاہم طالبان کے تعلیمی حلقوں کے نقطہ نظر سے وہ افغانستان کے تعلیمی ڈھانچے اور نصاب کی مضبوطی کے حوالے سے افغانستان کے پڑوسی ممالک سے تعاون لے سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں حکومت افغانستان بالخصوص وزارت تعلیم کے سربراہ کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اس ملک کے اساتذہ کی تربیت کے سلسلے میں تعاون کی درخواست اہم ہے۔ افغانستان کی طالبان حکومت کی اعلیٰ تعلیم کے شعبہ کے سربراہ نذر محمد عرفان نے اپنے دورہ تہران اور اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام سے ملاقات کے دوران ایرانی حکومت سے کہا کہ وہ اس شعبے بالخصوص تعلیمی اداروں کے پروفیسرز اور افغان دفاتر کے ملازمین کی تربیت میں تعاون کرے۔
اس سفر کے دوران انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے تعلیمی اور سفارتی حکام سے ملاقات میں افغانستان میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں پیشرفت اور تعاون کے شعبوں کا جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ اس سلسلے میں ایران کا تعاون افغانستان کے لیے بہت زیادہ سازگار ہوگیا ہے۔ افغان حکومت کی اعلیٰ تعلیم کی وزارت نے پہلے اعلان کیا تھا کہ اس ملک کو سائنس کی ترقی اور اپنی یونیورسٹیوں کی خوشحالی کے لیے ایران کے تعاون کی ضرورت ہے۔ یہ اس حقیقت کے باوجود ہے کہ اس سے قبل اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمہ جہت تعلیمی تعاون بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم کے میدان میں تاکید کی تھی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے نقطہ نظر سے، ورچوئل ایجوکیشن، جو ایران میں ایک کامیاب تجربہ سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر کورونا کے دور میں، لڑکیوں کے لیے اپنی تعلیم جاری رکھنے کا ایک موزوں طریقہ ہے۔ دریں اثناء، اسلامی جمہوریہ ایران میں پیام نور یونیورسٹی، ایک فاصلاتی تعلیم کی یونیورسٹی کے طور پر، تعلیمی معیار کے فریم ورک میں بھی ایک کامیاب اقدام ہے، جو لڑکیوں کی تعلیم کے میدان میں افغانستان کے مسئلے کو حل کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
سیاسی امور کے ماہر سید عیسیٰ حسینی مزاری کہتے ہیں: "مختلف تعلیمی مسائل میں اسلامی جمہوریہ ایران کا تجربہ ایک قابل قدر تجربہ ہے، جس سے طالبان کو لڑکیوں کی تعلیم میں بہت مدد مل سکتی ہے، تہران نے کبھی بھی اس کی مدد سے انکار نہیں کیا ہے۔ تعلیم اور تعلیمی شعبے میں، اس نے افغانستان کو انکار نہیں کیا ہے اور اب بھی مدد کے لیے تیار ہے اور یہ طالبان ہی ہیں جنہیں مناسب منصوبہ بندی کے ساتھ ایران کی تعلیمی اور تعلیمی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کے قابل ہونا چاہیئے۔” ایران میں مقیم افغان تارکین وطن کی بیٹیاں اسلامی جمہوریہ ایران کے تعلیمی نظام میں ہر سطح پر تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کسی بھی اسلامی ملک میں لڑکیوں کی تعلیم ممنوع نہیں ہے اور اسی وجہ سے افغان لڑکیاں بھی اسلامی جمہوریہ ایران کے تعلیمی نظام میں تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ قابل ذکر نقطہ ہے کہ طالبان رہنماؤں کی بیٹیاں قطر، پاکستان اور دیگر ممالک میں زیر تعلیم ہیں، انہیں افغان لڑکیوں اور اپنی لڑکیوں کے درمیان تفریق نہیں کرنی چاہیئے، کیونکہ اسلامی قانون کے مطابق تمام مسلمانوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور ان کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جانا چاہیئے۔
طالبان کی طرف سے خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم اور ملازمت پر ان پابندیوں سے مغربی حلقوں کو افغانستان کے معاملات میں مداخلت کا موقع فراہم ہوتا ہے اور ساتھ ہی یہ افغانستان کی بین الاقوامی شناخت کے لیے ضروری ہے۔ اس مسئلے کے حل کے بعد طالبان کی حکمرانی کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کرنے کے ساتھ ہی اس کے دیگر بہت سے مسائل عالمی میدان میں حل ہو جائیں گے۔ اس لیے افغان علماء نے بارہا طالبان سے کہا ہے کہ وہ اسلام کی صحیح تعلیمات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیم اور ملازمت کے میدان میں افغان لڑکیوں اور خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی نہ کریں۔ اگر طالبان رہنماؤں کی بیٹیاں دوسرے ممالک میں تعلیم حاصل کرسکتی ہیں تو افغانستان کی بیٹیاں اپنے ملک میں تعلیم سے محروم کیوں۔؟بشکریہ اسلام ٹائمز
نوٹ:ابلاغ نیوز کا تجزیہ نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔