ہفتہ , 2 دسمبر 2023

عمران خان کی حکومت کو ختم نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا: رانا ثناء اللہ

لاہور: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کو ختم نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا، جب بھی مشکل وقت آیا نوازشریف نے ملک کو بحران سے نکالا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن قائد نوازشریف کو 21 اکتوبر کو ویلکم کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے، پوری قوم میاں نوازشریف کو ویلکم کرنے کیلئے منتظر ہے، نوازشریف ضمانت لیکر آئیں گے اور عدالت کے سامنے پیش ہوں گے، پیپلز پارٹی اگر ہمارے خلاف بات نہیں کرے گی تو ہمارے ووٹ کو کیسے اپنی طرف متوجہ کرے گی؟

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا ایک طرف کھڑی ہوگئی تھی کہ کوئی مسلمان ملک ایٹمی قوت نہیں بن سکتا، میاں نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کر کے قوم کو باوقار کیا، جب پاکستان ایٹمی قوت بنا تو پوری مسلم دنیا میں جشن منایا گیا، 2013 میں ملک دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کے عذاب میں دبا جا رہا تھا، ہر روز سیکڑوں شہداء کی لاشیں اٹھانی پڑ رہی تھیں، لوگ کہتے تھے ان دو مشکلات سے جان چھوٹ جائے تو ملک کو کوئی نہیں روک سکتا۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ منفی باتیں اس وقت بھی کی جاتی تھیں، باز لوگوں نے ٹھیکہ لیا ہوا ہے کہ منفی باتیں ہی کرنی ہیں، قوم نے نوازشریف پر اعتماد کا اظہار کیا مینڈیٹ دیا، اگلے چار سالوں میں پاکستان خوشحالی و ترقی کے ٹریک پر آگیا، نام نہاد نیٹ کلین بعد میں فتنہ اور فساد ثابت ہوا، تجربہ نہ کیا جاتا تو سی پیک مکمل ہوچکا ہوتا، 2017 میں ہی پاکستان جی 20 ممالک کی لسٹ میں آ جاتا، ایڈونچر سے 28 جولائی 2017 کو ایک مینج فیصلہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ بابا رحمتے کے فیصلے کی باعث آج پاکستان بحرانی کیفیت میں ہے، ہم ڈیفالٹ کر چکے ہوتے اگر فتنے کی حکومت کو پارلیمان سے ووٹ آؤٹ نہ کیا جاتا، نوازشریف قوم کو امید دینے کیلئے 21 اکتوبر کو پاکستان تشریف لارہے ہیں، پورے پاکستان سے لوگ 21 اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے،نوازشریف کا خطاب جلسہ گاہ میں لوگ براہ راست سنیں گے، دوران خطاب نوازشریف اپنے بیانیے اور پالیسی پر اظہار خیال کریں گے، مسلم لیگ ن اپنا منشور بھی دے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کرتوتوں کی وجہ سے جیل میں ہے، ہم نے کسی کے اوپر مقدمہ نہیں بنایا، 9 مئی کو پاکستان کے دفاع پر حملہ کیا گیا ہے، انہوں نے جرم کیا ہے یہ پاکستان کے دفاع پر چڑھ دوڑے ہیں، اس کی معافی نہیں ہوسکتی نہ ہونی چاہیے، باقی جس نے الیکشن لڑنا ہے وہ لڑے، ہم کسی کو جیلوں میں بند کرنے کی خواہش نہیں رکھتے، نہیں سمجھتا کہ 9مئی کے واقعات میں ملوث لوگوں کیلئے کوئی رعایت ہونی چاہیے، رانا ثنااللہ

سینئر مسلم لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سے ملاقات کے دوران جلد از جلد الیکشن کروانے کا بھرپور مطالبہ کیا، ہمارا ووٹ ہمارے ساتھ ہے،وہ برے سے برے وقت میں بھی ہمارے ساتھ ہوتا ہے، پیپلز پارٹی اگر ہمارے خلاف بات نہیں کرے گی تو ہمارے ووٹ کو کیسے اپنی طرف متوجہ کرے گی؟ شہبازشریف نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، نوازشریف اور پوری قوم شہبازشریف کو اس بات پر شاباش دیتی ہے۔

 

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …