اتوار , 10 دسمبر 2023

پاکستان، انڈیا میچ کے لیے کمانڈوز، اینٹی ڈرون سسٹم اور ہزاروں سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی

احمد آباد:کرکٹ کے شائقین احمدآباد میں 14 اکتوبر کے پاکستان انڈیا میچ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ وہیں دوسری جانب اس میچ کے لیے کرکٹ کی تاریخ کے غیر معمولی سکیورٹی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

میچ کے روز سٹیڈیم اور شہر میں 11 ہزار سے زیادہ سکیورٹی اہلکار حفاظت کے لیے تعینات کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ عالمی کپ کے افتتاحی میچ کے لیے 3500 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے لیکن پاکستان انڈیا کے اہم میچ کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

احمدآباد کے ایڈیشنل پولیس کمشنر چراغ کوراڈیا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’دوسرے میچوں کے مقابلے اس میچ کے لیے بہت سخت حفاظتی انتظامات ہوں گے۔‘

پولیس نے اینٹی ڈرون سسٹم کا بھی انتظام کیا ہے۔ انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق ممبئی پولیس کو گذشتہ دنوں ایک ای میل موصول ہوئی جس میں کسی گمنام شخص نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نقصان پہنچانے اور احمدآباد کے کرکٹ سٹیڈیم کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی تھی۔

ای میل میں جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کیس کے تناظر میں کرائم برانچ نے بدھ کی شب ایک شخص کو گجرات کے راجکوٹ شہر سے گرفتار کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کی دھمکی والی میل اسی شخص نے بھیجی تھی۔ کوراڈیا کا کہنا تھا کہ ’کسی کو ای میل یا دھمکی سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ احمدآباد پولیس ایک باصلاحیت فورس ہے اور شہر میں فل پروف حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔‘

میچ کے لیے سٹیڈیم میں ایک لاکھ شائقین کے آنے کی توقع ہے۔ ایک اعلیٰ پولیس افسر کے مطابق میچ کے روز سٹیڈیم اور شہر میں گجرات پولیس، نیشنل سکیورٹی گارڈ کمانڈو، فساد شکن فورسز اور ہوم گارڈز سمیت 11 ہزار سکیورٹی اہلکارحفاظتی ڈیوٹی پر تعینات کیے جائیں گے۔

منگل کے روز ریاست گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل نے ریاست کے وزیر داخلہ، ریاستی پولیس کے سربراہ اور دیگر اعلیٰ پولیس اہلکاروں کے ساتھ سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔

انھوں نے اعلی اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس اہم میچ کے خوش اسلوبی سے انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔

شہر کے پولیس کمشنر لی ایس ملک نے بتایا ہے کہ سٹیڈیم میں بھگڈر کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھی ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سٹیڈیم میں سکیورٹی اہلکار بچاؤ اور امدادی کارروائیوں کی مشق کر رہے ہیں۔ سٹیڈیم کے سبھی دروازوں اور اطراف میں سکیورٹی پہلے ہی سخت کر دی گئی ہے۔اس دوران پولیس نے بدھ کو چار افراد کو پاکستان انڈیا میچ کے جعلی ٹکٹ فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

یہ افراد جعلی ٹکٹ بیس ہزار روپے میں فروخت کر رہے تھے۔ احمد آباد پولیس نے اصل ٹکٹ کے چھ سکیورٹی فیچر جاری کیے ہیں اور شائقین پر زور دیا ہے کہ وہ سٹیڈیم پہنچنے سے پہلے اپنے ٹکٹ کی جانچ کر لیں۔

 

یہ بھی دیکھیں

ویرات کوہلی کا ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ سے وقفہ لینے کا فیصلہ

نئی دہلی: بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے ون ڈے اور ٹی …