تہران:ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے قطر کے درالحکومت دوحہ میں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ سے ملاقات کی ہے۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حسین امیر عبداللہیان نے اسماعیل ہنیہ کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ اگر غزہ میں اسرائیل کے جنگی جرائم جاری رہے تو خطے میں کسی بھی امکان کا تصور کیا جاسکتا ہے۔
حسین امیر عبداللہیان کا کہنا تھا کہ ایران اسرائیل کے جنگی جرائم روکنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ایرانی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ایران نے تمام اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کی تجویز پیش کی ہے جس میں غزہ پر اسرائیلی حملوں کو روکنے کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران حماس چیف اسماعیل ہنیہ نے اسلامی تعاون تنظیم ( آئی او سی ) سے فلسطینیوں کے لئے بھر پور حمایت کی توقع کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے فلسطین میں شمالی غزہ کے شہریوں کو ایک بار پھر علاقے سے انخلاء اور جنوبی علاقے کی طرف منتقل ہونے کا الٹی میٹم دے رکھا ہے۔