پیر , 11 دسمبر 2023

عابد باکسر قصور سے گرفتار، 7 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی منظور

لاہور:پنجاب پولیس کے سابق انسپکٹر عابد باکسر کو سرکاری رائفل چھیننے اور پولیس حراست سے بھاگنے کے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔سی آئی اے سول لائنز کی ٹیم نے سابق انسپکٹر عابد باکسر کو قصور سے گرفتار کیا اور بعدازاں انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا، ان کے خلاف تین تھانوں میں دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل پولیس نے عابد باکسر کی گرفتاری کے لئے ان کے گھر چھاپہ مارا تھا تاہم، حکام کے دعوے کے مطابق سابق انسپکٹر پولیس کی تحویل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

عابد باکسر کی گرفتاری کے لیے لاہور پولیس کافی متحرک رہی اور ان کے خلاف مقدمات درج کروانے کیلئے پولیس کی جانب سے مساجد میں اعلانات بھی کرائے گئے۔پولیس کی جانب سے کرائے گئے اعلانات میں کہا گیا کہ ’ متاثرہ شہری مقدمات کے لئے پولیس سے رابطہ کریں ‘۔

پولیس حکام نے گرفتاری کے بعد سابق انسپکٹر کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا جبکہ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

تفتیشی ٹیم کی جانب سے انسداد دہشتگردی عدالت سے ملزم کے ریمانڈ کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔عدالت نے ملزم کو دوبارہ 26 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ بھی طلب کر لی۔

 

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …