پیر , 11 دسمبر 2023

غزہ میں دراندازی کی کوشش

(ترتیب و تنظیم: علی واحدی)

غاصب صیہونی حکومت کی غزہ میں گھسنے کی چوتھی کوشش ناکام ہوگئی۔ فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی میں زمین کے راستے گھسنے کی کوششیں جمعے کی شام چوتھی بار شروع ہوئیں، تاہم چند گھنٹوں بعد اسرائیلی فوج غزہ کی سرحدوں کے قریب پھنس گئی۔ قسام بریگیڈ نے صہیونی فوج کے ساتھ اپنی زمینی تصادم کی تصدیق کرتے ہوئے مزید کہا کہ قابض فوج کے کچھ ہتھیاروں اور فوجی ساز و سامان کو راکٹوں اور مارٹر حملوں سے نشانہ بنایا گیا۔بعض ذرائع نے جمعہ کی شام کم از کم 5 صیہونی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور دیگر ذرائع نے صیہونی حکومت کے متعدد ٹینکوں میں آگ لگنے کی اطلاع دی ہے۔

جیسا کہ فیلڈ ذرائع نے بتایا ہے کہ تین زمینی محاذوں سے زمینی راستے سے غزہ میں دراندازی کی کوشش کو فوج کی بحری اور فضائی مدد کے ساتھ کیا گیا، لیکن آخرکار یہ پیش قدمی چند کلومیٹر سے زیادہ جاری نہ رہ سکی اور غزہ کی سرحد سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر صیہونی فوجی محاصرے میں آگئے۔یہ ایک حقیقت ہے کہ غزہ کی پٹی میں صیہونی حکومت کی فوج کی زمینی پیش قدمی ایک بار پھر ناکام اور نامکمل رہی، یہ سلسلہ حماس کو تباہ کرنے کے تل ابیب کے منصوبے کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ گذشتہ ماہ سے جب اسرائیل کے جنوبی صوبوں میں الاقصیٰ طوفان نامی فلسطینی فورسز کی کامیاب کارروائی شروع ہوئی تھی، نیتن یاہو اور دیگر سیاسی اور عسکری رہنماؤں نے فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کو فوری اور تیزی سے تباہ کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اب 23 دن گزرنے کے بعد بھی صیہونی حماس کو لگام دینے کے لیے کوئی اقدام نہیں کرسکے ہیں۔

غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری کے باوجود تل ابیب، عسقلان اور دیگر قصبوں میں مزاحمتی قوتوں کا ردعمل جاری ہے۔ کل رات عبرانی زبان بولنے والے ذرائع نے اعلان کیا کہ قسام کے راکٹوں نے تل ابیب کے جنوب میں ریشون، لیٹزیون اور بافنیہ کو نشانہ بنایا اور یہ میزائل اور راکٹ گذشتہ دنوں بھی صیہونی بستیوں کو نشانہ بناتے رہے۔ گذشتہ بیس دنوں کے دوران غزہ پٹی سے مقبوضہ علاقوں اور تل ابیب جیسے اہم شہروں کی طرف میزائلوں اور راکٹوں کی مسلسل فائرنگ سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ صیہونی حماس کی لڑنے والی طاقت کو شکست دینے اور تباہ کرنے کے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

غزہ میں داخل ہونے کے لیے تیار نہیں
اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی واضح رہے کہ صیہونی حکومت کی فوج کی غزہ پٹی میں زمینی راستے سے داخل ہونے میں ناکامی اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ صیہونی حکومت کی فوج غزہ میں زمینی جنگ چھیڑنے کے لیے ضروری اور کافی صلاحیت سے محروم ہے۔ فلسطینی فورسز کے طوفان الاقصیٰ آپریشن کے آغاز سے قبل صہیونی فوج اندرونی کشیدگی اور تنازعات میں گھری ہوئی تھی۔ نیتن یاہو کا عدالتی قوانین میں تبدیلی کا منصوبہ فوج کے درمیان تقسیم اور اختلافات کا باعث بنا ہوا ہے اور فوجی افسران میں عدم اطمینان اپنی بلند ترین سطح پر ہے۔ نیتن یاہو کے خلاف احتجاج میں فوج کے ریزرو افسران کی فوجی سروس سے علیحدگی کے متعدد اور مختلف خطوط تقریباً 15 ہزار افراد تک پہنچ گئے اور فوج کا ایک بڑا حصہ بالخصوص فضائیہ کا ایک بڑا حصہ نیتن یاہو کے منصوبوں کے خلاف تھا۔

موجودہ جنگ کے آغاز سے قبل صہیونی فوج اندرونی تنازعات کی وجہ سے اپنے بدترین داخلی حالات میں گرفتار تھی اور صہیونی فوج کے سپاہی اور افسران ہفتہ وار مظاہروں میں مظاہرین اور مخالفین کا حصہ ہوتے تھے۔ صہیونی فوج کے ڈھانچے میں عدم اطمینان اور اندرونی اختلافات نے ایک طرف غزہ میں جنگ کے لیے فوجیوں کے پاس ضروری تیاری کا فقدان پیدا کر دیا ہے اور دوسری طرف 1500 صہیونیوں کی بڑے پیمانے پر ہلاکتیں جن میں سے 300 سے زیادہ فوجی تھے، صہیونی فوج کو مایوسی کے گڑھے میں پھینک دیا ہے۔ اس صورت حال میں صہیونی فوج کے پاس زمینی راستے سے غزہ میں داخل ہونے کے لیے ضروری ہتھیاروں اور نفسیاتی تیاریوں کا فقدان ایک فطری امر ہے۔ دوسری جانب صہیونی معاشرے میں غزہ میں زمینی کارروائیوں کے بارے میں کوئی متفقہ آواز نہیں ہے۔

اس وقت غزہ کی پٹی میں تقریباً 300 صہیونی حماس کی افواج کی قید میں ہیں اور ان قیدیوں کے اہل خانہ اور رشتہ دار قیدیوں اور ان کے رشتہ داروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے خدشے کے پیش نظر زمینی راستے سے غزہ میں داخل ہونے کے خلاف ہیں۔ اب تک تل ابیب میں نیتن یاہو کے گھر کے سامنے قیدیوں کے اہل خانہ اور نیتن یاہو کے مخالفین کی طرف سے کئی مظاہرے اور سڑکوں پر احتجاج کیا جا چکا ہے اور ان تمام مظاہروں میں اہل خانہ جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں، تاکہ قیدیوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔ قیدیوں کے خاندانوں کے برعکس، صیہونی حکومت کے کمانڈر غزہ میں زمینی داخلے اور بکتر بند جنگ پر زور دیتے ہیں اور غزہ پر فضائی بمباری کو حماس کو تباہ کرنے کے لیے ناکافی سمجھتے ہیں۔ غزہ میں زمینی جنگ کے لیے صیہونی حکومت میں اتحاد اور داخلی ہم آہنگی کا فقدان ہے اور یہ مسئلہ غزہ میں زمینی پیش قدمی کے لئے اہم رکاوٹوں میں سے ایک ہے۔بشکریہ اسلام ٹائمز

 

نوٹ:ابلاغ نیوز کا تجزیہ نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

یہ بھی دیکھیں

مریم نواز ہی وزیراعلیٰ پنجاب کیوں بنیں گی؟

(نسیم حیدر) مسلم لیگ ن کی حکومت بنی تو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا تاج …