تہران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ اگر شام میں ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا گيا تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔فنانشل ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس دستیاب اطلاعات کے مطابق شام میں اب تک ایرانی اہداف کو نشانہ نہیں بنایا گیا اور اگر ایسا کیا گيا تو ہمارا جواب یقینا انتہائی سخت ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فوجی حکمت عملی کے ماہرین کا خیال ہے کہ امریکی بحری بیڑوں کا ہمارے خطے کے قریب آنا خود امریکہ کے لیے نقصان دہ ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے اسرائیل کو علاقے میں امریکہ کی پراکسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں ہمارا کوئی پراکسی گروپ نہیں ہے۔
حسین امیر عبداللہیان نے واضح کیا کہ حزب اللہ اسرائیل کی غاصب حکومت کے خلاف مزاحمت کی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ لبنانی تنظیم ہے اور ایران سے احکامات نہیں لیتی البتہ ایران کے ساتھ اس کے اچھے تعلقات ہیں۔